کوہاٹ: دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید

KPK

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کوہاٹ میں دہشتگردوں نے رات گئے انڈس ہائی وے لاچی ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوئے جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل امجد، ہیڈ کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل وقار کے نام سے ہوئی جبکہ لکی مروت کا رہائشی عام شہری نور محمد بھی حملے میں شہید ہو گیا۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کے خلاف انتخاب لڑوں گا، عطا تارڑ

پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں کی مدد سے حملہ کیا اور فرار ہو گئے۔ حملہ آور پہاڑی علاقے کے قریب چھپے ہوئے ہیں جلد ان کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

باجوڑ کی تحصیل ماموند میں 2 روز قبل پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوئے۔ پولیس کے مطابق باجوڑ کے علاقے بیلوٹ فرش میں دھماکے سے 5 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کے علاقے چونترہ میں گاڑی پر فائرنگ ، 3 افراد جاں بحق ، 3 زخمی

باجوڑ پولیس نے بتایا کہ دھماکا پولیس کے ٹرک کے قریب ہوا۔ پولیس اہلکار انسدادِ پولیو مہم ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جا رہے تھے کہ بارودی سرنگ کا نشانہ بن گئے۔

دھماکے سے پولیس کا ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا اور نہ ہی کسی دہشتگرد گروہ نے اس کی ذمے داری قبول کی تھی۔


متعلقہ خبریں