لاہور: پنجاب پولیس نے بیرون ملک فرار ہونے والے اشتہاری مجرموں کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر لیا۔
پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں مزید تیز کر دیں۔ پنجاب پولیس نے مختلف وارداتوں میں مطلوب مزید 2 اشتہاری مجرموں کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا۔
اشتہاری مجرم محمد ناصر 2022 میں لودھراں میں ڈکیتی کی واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور دوسرا اشتہاری مجرم جہانزیب سٹی ڈویژن پولیس رحیم یار خان کو ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
پنجاب پولیس کی ٹیم دونوں اشتہاریوں مجرموں کو دبئی سے لے کر وطن واپس پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مزید ٹکٹ جاری کر دیئے
واضح رہے کہ رواں برس کے 8 روز میں بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 5 ہو چکی ہے۔ ان مجرموں کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک سے گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیاستدانوں کی نااہلی تاحیات نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کا فیصلہ، نواز شریف اور جہانگیر ترین سیاست میں اِن
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاریوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے قتل کیس میں مطلوب ملزم کو انٹرپول کے ذریعے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کیا۔ ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزم کو یو اے ای سے گرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد سے ایف آئی اے کے ترجمان نے کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم پنجاب پولیس کو مطلوب تھا اور ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت گوجرانوالا میں مقدمہ درج تھا۔