لاہور میں پہلی بار نائٹ سفاری زو شروع کر رہے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب


لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں پہلی بار نائٹ سفاری زو شروع کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور سفاری زو آپ گریڈیشن منصوبے کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے شہریوں کے لیے سفاری زو میں پہلی بار نائٹ سفاری شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سفاری زو کے نائٹ سفاری میں لوگوں کو بین الاقوامی معیار اور پروٹوکولز کے مطابق تفریح فراہم کی جائے گی اور نائٹ سفاری میں عوام کے لیے ایک ریسٹ ہاؤس بھی ہو گا جس میں فیملیز قیام کر سکیں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ 31 جنوری تک سفاری زو اور لاہور زو منصوبے مکمل ہوجائیں گے جبکہ لاہور سفاری زو میں 3 ہاتھی بھی لائے جائیں گے اور نئے جانوروں کے حصول کے لیے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین سے پانڈا منگوانے کے لیے اعلیٰ سطح پر کاوشیں جاری ہیں جبکہ لاہور زو اور سفاری زو کے لیے ایک سو قسم کے خوبصورت جانور لائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹ نے 8 فروری کو عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور کر لی

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے وزراء روزانہ کی بنیاد پر 3 سے 5 گھنٹے ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور اعتماد ہے کہ یہ منصوبے 31 جنوری تک مکمل ہو جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ناجائز تجاوزات سمیت مختلف کریک ڈاؤنز ہو رہے ہیں لیکن لوگ ایک دو دن بعد پھر ویسے ہی شروع ہو جاتے ہیں۔ کریک ڈاؤن میں لوگ پکڑے جاتے ہیں تاہم جب چھوڑ دیئے جاتے ہیں تو پھر وہی کام شروع کر دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں