ایف آئی اے کا غیر قانونی منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن،95 کروڑ روپے برآمد

ڈالر

اسلام آباد(ابوبکر، ہم انویسٹی گیشن ٹیم)گزشتہ 3 ماہ میں غیر قانونی منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے مجموعی طور پر 95 کروڑ سے زائد ریکوری ایف آئی کی ٹیموں کی جانب سے کی گئی۔ وزات داخلہ کی جانب سے گزشتہ 3 ماہ میں غیر قانونی منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی تفصیلات سینٹ میں پیش کی گئی۔

ایف آئی اے کی ٹیموں کے جانب سے 277 چھاپے مارے گئے جبکہ 281 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ چھاپوں کے دوران 395 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 2 دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔

دستاویز کے مطابق ملزمان سے 4 لاکھ 17 ہزار 653 ڈالرز برآمد کئیں گئیں، جبکہ دیگر غیر ملکی کرنسی جو پاکستانی 16 کروڑ سے زائد اور دوسری 70 کروڑ تک بنتی ہے برآمد کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں مجموعی طور پر 95 کروڑ سے زائد ریکوری ایف آئی کی ٹیموں کی جانب سے کی گئی، جبکہ 48 انکوائریاں رجسٹر کی گئی جن میں سے 39 کیسز کو ایف آئی آرز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

دستاویز میں مزید بتایا ہے کہ مذکورہ بالا تمام بیان کردہ ایف آئی آرز تفتیش کے مرحلے میں ہیں۔ اس لیے مذکورہ ضبطی کے حوالے سے کوئی رقم قومی خزانے میں جمع نہیں کروائی گئی ہے، کیونکہ ضبط شدہ رقم عدالت سے ضبط ہونے کے بعد قومی خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔

دستاویز کے مطابق پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کو کنٹرول کرنے کے لیے قومی سطح پر کی جانے والی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے غیر قانونی منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔

اسمگلنگ روکنا ایف بی آر کسٹمز کا مینڈیٹ ہے، تاہم، ایف آئی اے نے تمام بین الاقوامی داخلی/خارجی راستوں پر مسافروں کی پروفائلنگ اور اسکریننگ کو بڑھایا ہے تاکہ مسافروں کے ذریعے کرنسی کی اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے ایک بہتر چیک ہو۔


متعلقہ خبریں