خیبرپختونخوا کی پشاور یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران کو تنخواہیں نہ ملنے کا انکشاف


اسلام آباد(شہزاد پراچہ) خیبرپختونخوا کی سب سے بڑی پشاور یونیورسٹی میں اقتدار کی کشمکش اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی وجہ سے فیکلٹی ممبران کو تنخواہیں نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے دسمبر میں فیکلٹی ممبران کی تنخواہیں نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رجسٹرار یونیورسٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

یونیورسٹی کے پاس فنڈز کی دستیابی اور صوبائی حکومت کی جانب سے گرانٹس ملنے کے باوجود رجسٹرار آفس نے فیکلٹی ممبران کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنز دسمبر 2023 کے تیسرے ہفتے تک ادا نہیں کی جس کے سبب نہ صرف اساتذہ پر دباؤ بڑھ رہا ہے بلکہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں بھی آتا ہے۔

پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر تنخواہیں ادا نہ کرنے پر بگڑتی ہوئی انتظامی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ملازمین کی معاشی خوشحالی سے ادارہ میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے فوری طور پر عملے کو مکمل تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور رجسٹرار پر زور دیا گیا کہ وہ تنخواہوں کی مبینہ غیر قانونی بندش کے پیچھے وجوہات کی تحریری طور پر وضاحت کریں۔


متعلقہ خبریں