کشمیر کیلئے 300 بار بھی جنگ لڑنے کو تیار ہیں، انوار الحق کاکڑ


مظفر آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لیے 300 بار بھی جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے جموں و کشمیر کے حریت رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی یکطرفہ اقدام کی مذمت اور اظہار یکجہتی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے خطاب نے کشمیریوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ریاست پاکستان کا پیغام لے کر آیا ہوں جبکہ پاکستان سیاسی اور سفارتی سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر طریقے سے اجاگر کرنے کے لیے روابط بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی، لندن اور دیگر اہم دارالحکومتوں میں کشمیر سے متعلق حکمت عملی بنائی جائے گی اور وزارت خارجہ، حریت رہنماؤں کا اجلاس جلد منعقد کروایا جائے گا۔ حریت رہنما کشمیر کاز کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز دیں۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات کے بروقت انعقاد سے دہشتگردی پھیلانے والے عناصر ناکام ہوں گے، سراج الحق

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اوورسیز کشمیری کی آواز کشمیر کاز کے لیے انتہائی کارگر ثابت ہو سکتی ہے اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے اور جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ بھارت نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔


متعلقہ خبریں