کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی کو اپنا ہدف بنائیں، نگران وزیر اعظم


کراچی: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ہمیں اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔ کاروباری رہنماؤں کو ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ٹیکس محصولات میں اضافے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کے لیے افریقی ممالک، خطے اور اس سے باہر تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے کاروبار میں بہتری کیلئےدرآمدات پر پابندی اٹھائی، نگران وزیر خزانہ

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات اور مصنوعات تیار کریں اور کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں۔ ہمیں مستقبل میں چین سے آنے والی بھاری سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کے لیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔

؎انہوں نے کہا کہ غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ خواہش ہے ایسے اقدامات کریں جس سے آنے والی حکومت کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔


متعلقہ خبریں