اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کر دیے

اکبر ایس بابر

تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کر دیا۔

بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی، عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن نئے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے۔

انہوں نے درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدار تیسرا فریق مقرر کرے جو الیکشن کی نگرانی کرے ، شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلااستعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انٹر ا پارٹی الیکشن دکھاوا ، فریب اور الیکشن کمیشن کو دھوکا دینے کی ناکام کوشش تھی ، انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور حصہ لینے کے حق سے محروم کردیا۔

انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور شق 2 کی خلاف ورزی ہے ، اکبر ایس بابر نے درخواست کے ہمراہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں فراڈ کیا گیا، آئین میں نگران چیئرمین کا کوئی ذکر نہیں، مجھ پر ایزی لوڈ کا الزام لگا اب وہ خود ڈاؤن لوڈ ہوچکے، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بہت عزیز ہے۔

 


متعلقہ خبریں