اسکول کے بچے ذمہ داری پوری کر رہے ہیں، حکمران بےحس ہیں، ڈاکٹر طارق سلیم


راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے قتل عام پر مسلم حکمران روز محشر نبی کریم ﷺ کا سامنا کیسے کریں گے۔ اسکول کے بچے ذمہ داری پوری کر رہے ہیں لیکن حکمران بےحس ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے سی ڈی ایل ریلوے ورکشاپ میں منعقدہ رحمتہ العالمینﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل عالمی دہشتگرد اور جنگی مجرم ہیں۔ غزہ میں ساڑھے 6 ہزار بچے شہید ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ میں محصور 22 لاکھ عوام کی نہیں بلکہ 2 ارب مسلمانوں بالخصوص جدید اسلحے سے لیس ریگولر فوج رکھنے والے حکمرانوں کی آزمائش ہے جو بےحس بن کر بلاواسطہ ناجائز اسرائیلی ریاست کی سہولت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فلسطین کاز کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، سراج الحق

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ امریکہ اندر سے کھوکھلا ہو رہا ہے لیکن عرب وعجم کے مسلمان ممالک کے بزدل حکمرانوں کی وجہ سے اسلامی ممالک میں اس کی مداخلت اب بھی جاری ہے۔ عالم کفر مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کر کے اپنے مفادات پورے کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو غزہ کے بچوں کا مسیحا بننا چاہیے تاہم جماعت اسلامی اسرائیلی جارحیت سے اب تک مسلسل اس غنڈا گردی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی شیطانوں کی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہے اور نام نہاد سلامتی کونسل دنیا بھر کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔


متعلقہ خبریں