اسٹیبلشمنٹ کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان کا انکشاف

فوٹو: فائل


پشاور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ معیشت کو بہتر کرنا چاہتی ہے مگر اسے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب وطن کے لیے نئی راہیں تلاش کرنی ہیں، ہمارے اوپر عالمی دباؤ ہے اور پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحرانوں کا شکار کیا جا رہا ہے اور پاکستان پر معاشی دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش، افغانستان اور ایران ہم سے آگے جا رہے ہیں اور ہم مہنگائی کا شکار ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئی حکومت بنے گی تو الزامات کی نوعیت بھی بدل جائے گی، نگران وزیر اعظم

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اتنی معاشی تباہی حادثے سے نہیں منصوبے کے تحت ہوئی ہے تاہم اسٹیبلشمنٹ معیشت کو بہتر کرنا چاہتی ہے مگر اسے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایجنڈے کے تحت یہاں پر حکومتیں قائم کی گئیں لیکن ہم نے وطن کو بچایا ہے اور ملکی بہتری کے لیے آئندہ بھی جدوجہد جاری رہے گی۔ کونسی سازشی قوتیں ہیں جو ہمارے درمیان بداعتمادی پیدا کر رہی ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ جذبات اور غصے میں آ کر ہم روز نقصان کرتے جائیں گے اور کونسی قوتیں ہیں جو ہم میں بداعتمادی پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ہمارا افغانستان کی داخلی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ان کا ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں