لائیو پروگرام میں بابر اعظم اور پی سی بی کے سی ای او کی واٹس ایپ چیٹ لیک

لائیو پروگرام میں بابر اعظم اور پی سی بی کے سی ای او کی واٹس ایپ چیٹ لیک

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سابق کپتان راشد لطیف کے تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے آج تک بابر نے کبھی فون نہیں کیا، یہ بیان غلط تھا جس پر افسوس ہے، مجھے یہ بھی کسی ایجنڈے کا حصہ لگتا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی فون کالز کو نظر انداز کرنے کی خبروں پر رد عمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کپتان کا لیول یہ ہوتا ہے کہ وہ پی سی بی کے سی او او یا ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ سے بات کرے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ میں نے جب ورلڈکپ سے قبل پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی بنائی تھی اس میں سربراہ مصباح الحق کے ساتھ راشد لطیف کو بھی شامل کیا تھا۔ راشد لطیف نے اس معاملے پر بھی مجھے تنقید کا نشانہ بنایا۔

کھلاڑیوں کو این او سی دینے کی قیمت ایشیاکپ، ورلڈکپ میں چکا رہے، ذکا اشرف

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی طرف سے راشد لطیف کا دعویٰ مسترد کرنے کے بعد نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کے دوران کپتان بابر کی واٹس ایپ چیٹ دکھائی گئی۔

یہ واٹس ایپ چیٹ بابر اعظم اور پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کے درمیان تھی۔ اس گفتگو میں سلمان نصیر نے بابر سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے چیئرمین کو کال کرنے کی کوشش کی تھی؟ جس پر بابر نے لکھا کہ ‘میں نے سر کو کوئی کال نہیں کی۔’

اس حوالے سے پروگرام کے میزبان وسیم بادامی نے ایک وضاحتی بیان شیئر کیا جس میں انہوں نے شائقین سے معافی مانگی۔ انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ بابر کی مرضی کے بغیر یہ چیٹ لائیو شو میں لیک نہیں کرنی چاہیے تھی۔

وسیم بادامی نے مزید کہا کہ ‘ذکا اشرف نے کہا کہ میں آپکو یہ اسکرین شاٹ دے رہا ہوں کہ اسے اسکرین پر لگادیں۔ ذکا اشرف کی اجازت کے بعد یہ واٹس ایپ چیٹ لگائی گئی۔’


متعلقہ خبریں