پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے قومی اسکواڈ کیلئے کپتان اور چیف سیلکٹر کو فری ہینڈ دیا گیا تھا، امید ہے کہ یہی ٹیم باؤنس بیک کریگی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بھارت میں موجود قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا۔ پی سی بی نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو مکمل سپورٹ کا اعلان کرتے ہوئے شائقین کرکٹ سے بھی ٹیم کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔
ورلڈکپ، جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں پاکستانی کوچز قومی ٹیم کا خفیہ ہتھیار؟
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پی سی بی قومی ٹیم کی مسلسل تین شکستوں کے بعد کرکٹ شائقین کے جذبات اور جذبات کا اعتراف کرتا ہے۔ اس چیلنجنگ ماحول میں بورڈ انتظامیہ کو امید ہے کہ شائقین کرکٹ کپتان بابر اعظم اور پوری ٹیم کی حمایت جاری رکھیں گے۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کے گروپ مرحلے میں ابھی چار اہم میچز باقی ہیں اور پی سی بی پُرامید ہے کہ ٹیم دوبارہ متحد ہوگی۔ ٹیم ناکامیوں پر قابو پائے گی اور آئندہ میچوں میں مثبت اور موثر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
افغانستان سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کیلئے دو دن مشکل تھے، پاکستان بیٹنگ کوچ
کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ کے حوالے سے بورڈ نے موقف اپنایا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے۔ بابر اعظم اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کیلئے اسکواڈ کی تشکیل میں مکمل آزادی اور سپورٹ دی گئی تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق ورلڈ کپ اختتام پذیر ہونے کے بعد پی سی بی کارکردگی پر آگے کے فیصلے کرے گا۔ فی الحال پی سی بی شائقین، سابق کھلاڑیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ میگا ایونٹ میں فاتحانہ واپسی کیلئے ٹیم کا ساتھ دیں۔