راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطین متاثرین کے لیے 13 ٹرک کا امدادی سامان روانہ کر دیا۔
سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن وقاص انجم جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے غذائی اجناس، ڈیلیوری وحفظان صحت کٹس اور ادویات سمیت دیگر اشیا غزہ بھجوائی ہیں جبکہ 50 کروڑ روپے مزید غزہ فنڈ کے لیے مختص کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے متاثرین موسم کی شدت کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے امداد کے منتظر ہیں، پاکستانی قوم، معصوم بچوں اور خواتین کے لیے امداد فراہم کرے۔
وقاص انجم جعفری نے کہا کہ ہم یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے غزہ روانہ کر رہے ہیں جبکہ 7 اکتوبر سے الخدمت فاؤنڈیشن کا بین الاقوامی پارٹنرز این جی اوز کے اشتراک سے غزہ میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت نے فوری طور پر غزہ میں موجود بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے میسر و موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور اسکولوں میں قائم کیمپوں میں پکے پکائے کھانے اور موسمی اثرات سے بچاؤ کے لیے ونٹر پیکج کی تقسیم کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مبصرین کو انتخابات میں آنے کی دعوت دی جائے گی، سیکرٹری الیکشن کمیشن
سیکرٹری الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کہا کہ مقامی آبادیوں کو خشک راشن اور اسپتالوں کو ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن 15 کروڑ روپے کا امدادی سامان فراہم کرچکی ہے۔