صحت کارڈ چیئرمین پی ٹی آئی کا ویژن نہیں تھا، پرویز خٹک


پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صحت کارڈ ہم نے دیا یہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ویژن نہیں تھا۔ صحت کے شعبے میں ہم نے تاریخی کام کیے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے پشاور میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی میں غرور تھا اور وہی انہیں لے ڈوبا۔ 75 سال میں جو بھی آیا کوئی نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگا رہا تھا تو کوئی روٹی کپڑا دینے کی بات کرتا ہے لیکن پاکستان کو اس حال تک کس نے پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا امن کس نے تباہ کیا پھر دعوے کر رہے ہیں کہ ہم آئیں گے اور حالات ٹھیک کریں گے۔ قصور ملک یا عوام کا نہیں سارا قصور نااہل رہنماؤں کا ہے جنہیں نے نقاب کرنے کے لیے ہم نے پارٹی بنائی ہے اور ہم عوام کو ان کے مکروہ چہرے دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل اور امریکہ تقسیم ہو سکتا ہے، خورشید قصوری

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آنے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا اور جب خدمت نہ کر سکے تو پارٹی چھوڑ دی۔ پی ٹی آئی نے ڈالر کی بارش اور عوام کو مہنگائی سے نکالنے کے وعدے کیے لیکن سب جھوٹ نکلا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کرپٹ نظام کو تبدیل کرنا ہو گا۔ پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 سال حکومت میں ایک وعدہ پورا نہیں کیا تو مجھے سوچنا پڑا کہ کب تک ان جھوٹوں کا ساتھ دیتا رہوں گا اور ہم خیال دوستوں کے ساتھ مشورہ کر کے جھوٹوں کے خلاف میدان میں نکلے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایماندار لیڈر نہیں بلکہ پیسے والے ہیں اور میں جھوٹے وعدوں کی بجائے عملی کام کرتا ہوں۔ میں ڈرنے والا ہوں اور نہ ہی کسی کی منت سماجت کرنے والا ہوں، پرویز خٹک بھوکا رہے گا لیکن حرام نہیں کھائے گا۔


متعلقہ خبریں