اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اب عوام سمجھدار ہو گئی ہے اور لوگ ڈیجیٹل دور میں خود احتساب کرتے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم دیکھیں گے منصور علی خان کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اننگز کھیلنے کے لیے گراونڈ ہموار نہ ہو تو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے جڑا بیانیہ عوام کو متوجہ نہیں کر سکا اور اگر نواز شریف کے پاس جادو کی چھڑی ہے تو وہ شہباز شریف کی حکومت میں وطن واپس آ جاتے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب عوام سمجھ دار ہو گئے ہیں، یہ بیانیہ نہیں چلے گا کیونکہ ڈیجیٹل دور میں لوگ خود احتساب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب میں کہتی ہوں ،نواز شریف آئے گا تو لگ پتہ جائے گا اور مسلم لیگ ن ایک ضدی بچہ ہے جو چوتھی بار غلطی کرنے جا رہا ہے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ کھاؤ پیو پروگرام پہلی مرتبہ کسی سیاسی جماعت میں ہوا ہے اور گر یہ کھاؤ پیو پروگرام کا ٹرینڈ سیٹ ہو گیا تو ہمارے لیے مشکل ہو جائے گی۔ ہر سیاسی جماعت کا حق ہے کہ اسے جلسے کی اجازت ملے۔
انہوں نے کہا کہ جو جماعت جتھے کے ساتھ تنصیبات پر چڑ دوڑے گی کیا اسے سیاسی جماعت کہیں گے؟