آرمی چیف کی واضح ہدایات ہیں ، اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل کرکے جیل بھیجا جائیگا ، وزیر داخلہ


نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث افسران کیخلاف بھی تحقیقات ہو رہی ہیں ،آرمی چیف کی واضح ہدایت ہے کہ جو بھی اہلکار اسمگلنگ میں ملوث ہو گا اس کا کورٹ مارشل بھی ہوگا اور جیل بھی جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کتنا ہی بڑا آدمی کیوں نہ ہو کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں ہے۔ اسمگلنگ میں ملوث طاقتور عناصر کو بھی روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے خاتمے کے لیے ایک ہزار 68 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ نارکوٹکس کے خلاف بھی بھرپور مہم جاری ہے اور 242 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک ماہ کے دوران حاصل ہونے والے نتائج بتانا چاہتا ہوں۔ حکومت نے گندم، چینی، یوریا اور پٹرولیم کی اسمگلنگ کو روکا ہے اور اینٹی اسمگلنگ کے حوالے سے مشترکہ چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں جن میں کسٹم، فرنٹیئر کور سمیت تمام ادارے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کے حوالے سے شروع سے ہی تحفظات تھے ، علی محمد خان

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث طاقتور عناصر کو بھی روکا جا رہا ہے اور کوئی کتنا ہی بڑا آدمی ہو کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں ہے۔ اسمگلنگ میں ملوث افسران کے خلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور یہ کہنا بھی غلط ہو گا کہ اسمگلنگ میں سیکیورٹی فورسز ملوث نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں واضح کمی آئے گی کیونکہ سیکیورٹی آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگرد پریشان ہو کر زیادہ حملے کرتے ہیں اور ریاست کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرتے ہیں تاہم یہ ان کی غلط فہمی ہے کیونکہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ مزید آگے بڑھ کر ان سے لڑیں گے۔

 


متعلقہ خبریں