صدر ممنون حسین کی روسی اور ازبک ہم منصبوں سے ملاقاتیں


چنگ ڈاؤ: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

روسی صدر نے ان خیالات کا اظہار چنگ ڈاؤ میں صدر مملکت ممنون حسین سے اپنی ملاقات میں کیا جو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے ان دنوں چین میں موجود ہیں۔

روسی صدر کے علاوہ ازبکستان کے صدر شوکت میر ضیوف نے بھی صدر ممنون حسین سے علیحدہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور کے علاوہ عالمی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ  دینے اور تجارت، توانائی، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ازبکستان پاکستان کے زمینی روابط سے مستفید ہوسکتا ہے، تاشقند فضائی روابط سے سیاحت اورعوامی تعلقات کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھایا جا سکے گا۔

صدر مملکت آٹھ جون کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر چنگ ڈاؤ پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔

شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور بھارت شامل ہیں جبکہ ایران اور افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بطور مبصر شریک ہیں۔


متعلقہ خبریں