جس علاقے میں جرم ہوا وہاں کا سردار ذمہ دار ہو گا، نگران وزیر داخلہ سندھ


سکھر: نگران وزیر داخلہ سندھ نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا ہے کہ سندھ کے جس علاقے میں جرم ہو گا تو وہاں کا سردار ذمہ دار ہو گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

نگراں صوبائی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے ایس ایس پی سکھر کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے سندھ پولیس کا مورال بلند کریں اور ہم نے سب کو واضح، بلا تفریق پیغام دے دیا ہے کہ جہاں بھی جرم ہو گا وہاں کا سردار ذمہ دار ہو گا کیوںکہ سندھ میں زیادہ تر سرداروں اور وڈیروں کا راج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کچے کے علاقے میں آپریشن سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ہماری نیت اچھی ہے اور پیشرفت بھی ہو رہی ہے۔ ہم انٹیلی جنس کی بنیاد پر صرف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے بارے میں لیول پلیئنگ فیلڈ تلخ حقیقت ہے، شرمیلا فاروقی

بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرنا ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن امان کی فضا برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کر کے ہی آپریشن کریں گے اور کوئی سردار جس کے علاقے یا قبیلے میں جرم ہو گا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور اگر کوئی سردار سیاستدان ہو گا تو الیکشن کمیشن میں اس کی نااہلی کی درخواست کریں گے۔

صوبائی نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے سے ڈاکوؤں کے خاتمے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے اور کوئی رعایت قابل قبول نہیں ہو گی۔ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔


متعلقہ خبریں