بھارت نے پاکستانی فوج پر دہشت گرد بھیجنے کا الزام عائد کر دیا


بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایل او سی پر ایک مشترکہ آپریشن میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،یہ آپریشن اڑی سیکٹر بارہ مولا میں کیا گیا۔

ایل او سی پر دہشت گردوں کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے جواب میں آپریشن کیا گیا جس میں تین دہشت گردوں نے دراندازی کی کوشش کی، الزام لگایا گیا کہ یہ دہشت گرد پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے۔

بھارت کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ پاکستان آرمی نے دہشت گردوں کے کیمپ دوبارہ فعال کر د یے ہیں، مزید الزام لگایا گیا کہ بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گرد بھیجے جا رہے ہیں۔

بھارت کی جانب سے کہا گیا کہ اگر ہم نے اس کا جواب نہ دیا تو ہم دوبارہ راجوری، پونچھ یا کالگام جیسے سانحے کا شکار ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں 3 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

تینوں نوجوانوں کو بارہ مولا میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔ اوڑی سمیت بارہ مولا کے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کرکے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔

قابض بھارتی فوجیوں نے متعدد نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ مقبوضہ کشمیر میں پلواما، کلگام، راجوڑی سمیت دیگر علاقوں میں بھی بھارتی فوجی نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں لوگوں پر تشدد کررہے ہیں اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کررہے ہیں۔ لوگوں کو ضرورت کے تحت بھی گھروں سے نکلنے نہیں دیا جا رہا۔


متعلقہ خبریں