مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں پھر اضافہ

sugar rate

چھاپوں کا خوف ختم ہوتے ہی چینی پھر مہنگی ہونا شروع ہو گئی، حکومتی دعوے اور چینی مافیا آمنے سامنے آ گئے ہیں۔

کراچی میں چینی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، چیئرمین ہول سیل گروسرز کے مطابق ہول سیل میں قیمت میں 3 روپے اضافے سے چینی 157 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے، جب کہ ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔

لاہور میں بھی حکومتی دعوؤں کے برعکس چینی کی قیمت کم نہ ہو سکی، 140 روپے فی کلو والی چینی بازار میں اب بھی 160 اور 165 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

لاہور میں چینی کی قیمت 140 روپے فی کلو مقرر ہونے پر عوام خوش تو ہیں مگر ان کا کہنا ہے کہ اس ریٹ پر عمل درآمد کرانا بھی حکومت کا کام ہے۔

باجوڑ میں کریک ڈاؤن کے دوران چینی کے 4 ہزار سے زائد تھیلے ضبط

دکان داروں کا کہنا ہے کہ ابھی 7 ہزار روپے فی پچاس کلو گرام والا چینی کا تھیلا جیسے ہی ملا، وہ اس پر فروخت شروع کر دیں گے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کا چینی مافیا پر ہاتھ ڈالنا خوش آئند ہے، اس اقدام سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

ادھر کراچی میں ہول سیل میں چینی تین روپے اضافے سے 154 روپے سے بڑھ کر 157 روپے ہو گئی ہے، ہول سیل گروسرز کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان چینی کی ایکس مل کی قیمت میں 4 روپے اضافے سے 151 روپے سے بڑھ 155 روپے ہو گئی ہے، اور ریٹیل کی سطح پر چینی کی قیمت 170 روپے پر برقرار ہے۔

دوسری طرف شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی مافیا پر چھاپوں کے خوف سے گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں کمی رہی لیکن پھر چینی کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔

حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ آٹا، دالیں، سبزیاں سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور دو وقت کے کھانے کے لیے تنخواہ کم پڑ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں