کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) پولیس کو اطلاع ملی کے علاقے میں 2 مسلح ملزمان لوٹ مار میں مصروف ہیں، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی شناخت محمد خالد اور محمد یعقوب کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے 2 پسٹل برآمد کر لیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: روات میں پولیس مقابلہ، اہلکار شہید، 3 ڈاکو مارے گئے
پولیس کے مطابق ملزمان کا کریمنل ریکارڈ موجود ہے اور مختلف تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی جیل جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل ،اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں جبکہ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے۔