پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کمیشن نہ بڑھانے پر پیٹرول پمپ ڈیلرز نے ایک بار پھر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یکم ستمبر تک ڈیلر کا مارجن بڑھانے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی لیکن ابھی تک اس پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور دیگر ذمہ داران نے بیٹھ کر ہمارے ساتھ تحریری معائدہ کیا تھا لیکن معاہدے کے باوجود وزارت پیٹرولیم کی جانب سے ڈیلر مارجن میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: توانائی کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ
عبدالسمیع خان نے یہ بھی کہا کہ موجودہ ڈیلر مارجن کے ساتھ ہم پیٹرول پمپ نہیں چلا سکتے کیونکہ اخراجات کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین نے مزید کہا کہ ڈیلر مارجن فوری طور پر بڑھانے کا فیصلہ نہیں کیا تو ہم ہڑتال کی طرف جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا تھا، پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی تھی۔