چیئرمین پی ٹی آئی کی فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن اور بکرے کا گوشت


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی اٹک جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات پر رپورٹ جمع کرائی، اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مظاہر اور جسٹس مندوخیل کے چیمبرز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔

ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن اور بکرے کا گوشت بھی دیا جاتا ہے، سابق وزیراعظم کی فرمائش پر انہیں ان کی پسند کی اشیا رقم کی ادائیگی پر فراہم کی جاتی ہیں۔

اٹارنی جنرل آفس کی تیار کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو جیل کے سامنے کوریڈورمیں چہل قدمی کی اجازت ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 24 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل سہولیات پر رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو میسر سہولیات کے بارے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے رپورٹ چھ صفحات پر مشتمل ہے جو سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ والے بیریکس کے بلاکس خالی کرا دیئے گئے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈائٹ فوڈ اُن کی مشاورت سے دیا جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو پیر سے اتوار تک ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے دی جاتی ہے، لنچ میں پیر کو سبزی، روٹی، سلاد اور دہی دیا جاتا ہے، منگل کو دال چنا،بدھ کو دال ماش دی جاتی ہے۔

جمعرات کو دال، جمعہ کو سبزی،ہفتے اور اتوار کو بھی دال دی جاتی ہے،رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈنرمیں دال چاول، دہی اور سلاد دیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے میں دو بار دیسی مرغی اور چھوٹا گوشت دیسی گھی میں تیارکرکے دیاجاتاہے، انہیں موسمی پھل بھی فراہم کیے جاتے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیاکہ 18اگست کو سیل کے واش روم کی مرمت کرکے دیوار5 فٹ اونچی کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیل کی مرمت کی گئی ہے اورسیل کا فرش سیمنٹ کا ہے،ایک پنکھا لگا ہوا ہے، واش روم کے اندر پورٹا کمپنی کا کموڈ، مسلم شاو،ٹشو اسٹینڈ لگائے گئے ہیں،وضو کے لئے واش روم کے باہر واش بیسن لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا سیل بیک سائیڈ سے ہوا کے لیے کھلا ہے،وہ سیل ایریا میں واک کرسکتے ہیں،میٹریس، 4تکیے، ٹیبل، کرسی، جائے نماز اور ایئر کولر کی سہولت دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کو قرآن پاک انگریزی ترجمے کے ساتھ فراہم کیا گیا،اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کو25 کتابیں پڑھنے کے لیے دی گئی ہیں،ملزم کو 21 انچ ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کی صفائی کے لیے 2 سینیٹری ورکرزموجود ہیں،مزید کہا گیا کہ اٹک جیل میں کی سیکیورٹی کی مضبوطی کے لئے 53 افسران کو تعینات کیا گیا،چار اے ایس پی رینک کے پولیس افسران 3 شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔

ملزم اور اسٹاف کی نقل وحرکت چیک کرنے کے لیے 3 کیمرے نصب ہیں،ڈیوٹی دینے والے ا سٹاف کو دو وائرلیس فون دیئے گئے ہیں،رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیملی کو منگل 2 بجے، وکلا کے لئے جمعرات ملاقات کے لیے مقرر ہے۔

ملاقاتوں کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے جاتے ہیں،رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس وقت اٹک جیل میں 982 قیدی موجود ہیں،نعیم پنجوتھا، بشریٰ بی بی، عمیر نیازی، بابر اعوان اور لطیف کھوسہ ملاقاتیں کرچکے ہیں، رپورٹ بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیک اپ کے لیے 5 ڈاکٹرز کا پینل ہر وقت موجود ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں