شاہ محمود قریشی کیخلاف مقدمہ درج، اہم نکات شامل


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درج مقدمے کے مطابق بنی گالا میں خفیہ میٹنگ کر کے سازش تیار کی گئی، سائفر کی کاپی چیئرمین پی ٹی آئی کے قبضے میں ہے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی بھی ملزم نامزد ہیں۔ مقدمہ سابق سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے درج کیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق سائفر کا استعمال بدنیتی سے کیا گیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے سیکرٹ کلاسیفائیڈ دستاویزات افشا کیں۔

متن کے مطابق ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا گیا، اعظم خان، اسد عمر اور دیگر کے خلاف مقدمہ تحقیقات کے تناظر میں درج ہو گا۔ ملزمان نے ذاتی مفاد کے لیے حقائق کو توڑ مروڑ کر ریاستی سیکیورٹی کو خطرہ میں ڈالا۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا کہ بنی گالہ میں خفیہ میٹنگ کر کے سازش تیار کی گئی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعظم آفس کی سائفر کاپی بھی غائب کر دی لیکن سائفر کی کاپی تاحال چیئرمین پی ٹی آئی کے قبضے میں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمہ 15 اگست کو درج کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں