پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ایک ناقابلِ یقین سفر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
وہاب ریاض نے لکھا کہ ‘پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، اپنی فیملی، کوچز، مینٹورز، ٹیم کے ساتھیوں، مداحوں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری حمایت کی۔’
انہوں نے ساتھ ہی اشارہ دیتے ہوئے لکھا کہ فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں دلچسپ وقت آنے والا ہے۔
🏏 Stepping off the international pitch
🌟 After an incredible journey, I've decided to retire from international cricket. Big thank you to PCB, my family, coaches, mentors, teammates, fans, and everyone who supported me. 🙏
Exciting times ahead in the world of franchise…
— Wahab Riaz (@WahabViki) August 16, 2023
خیال رہے کہ وہاب ریاض بطور پاکستانی فاسٹ باؤلر کئی اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ حال ہی میں ٹی 20 کرکٹ میں 400 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے چھٹے باؤلر اور دوسرے فاسٹ باؤلر بنے۔ ان سے قبل فاسٹ باؤلر ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
اسی کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض نے پاکستان سپر لیگ میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ وہ 2022 میں پشاورزلمی کی طرف سے پی ایس ایل کی تاریخ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بنی تھے۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ وہاب ریاض کا نام پنجاب کی حالیہ نگران کابینہ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ فاسٹ بالر وہاب ریاض وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز مقرر کیے گئے تھے۔