سندھ حکومت نے جعلی ڈومیسائل پر 50 ہزار نوکریاں دیں، ایم کیو ایم کا الزام


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت نے جعلی ڈومیسائل پر 50 ہزار نوکریاں دیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت پر الزامات عائد کیا کہ صوبائی حکومت لوگوں سے پیسے لے کر بھرتیاں کرتی رہی ہے۔ بھرتیوں کا پورا طریقہ کار ہوتا ہے لیکن کئی سالوں کا کام کچھ ہی دنوں میں کیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد لوگوں کو جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں دی جا رہی تھیں تاہم عدالت نے ایم کیو ایم کی درخواست پر سندھ حکومت کو سرکاری بھرتیوں پر اسٹے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ نے بھارت کا ریکارڈ توڑنے کا اعلان کر دیا

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کے لیے نوکریاں ناممکن بنا دی گئی ہیں۔ شہر قائد کے لوگوں کو پینے کا پانی میسر نہیں جبکہ ہائیڈرینٹ کے ذریعے پانی فروخت کر کے اربوں روپے کمائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمینوں پر خود قبضہ کر کے کروڑوں روپے رشوت لیتے ہیں۔ بلاول صاحب کشمیر کے لیے مودی سے تو جنگ لڑ رہے ہیں لیکن جو کچھ مودی کشمیر میں کر رہا ہے کیا وہ کراچی میں نہیں ہو رہا؟ ہمیں آبادی کی گنتی پر اعتراض ہے۔


متعلقہ خبریں