وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ آزربائیجان سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو آیا کرے گا، روسی تیل سے فائدہ آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی پابندیوں کی وجہ سے جرمانے کا مسئلہ 10 سال قبل ہی حل کر لیا تھا۔ پاکستان کو توانائی کی ضرورت ہے اور پابندیاں عائد ہوئے بغیر مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آزربائیجان سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو آیا کرے گا، ہماری مرضی ہو گی ہر ماہ لیں یا نہ لیں۔ ایل این جی کارگو مہنگا ہونے پر اس کارگو کو ترک کر سکتے ہیں، تیل اور گیس کی تلاش کیلئے نئے بلاکس کی بولیاں کرائیں۔
روسی تیل سے صارفین کو ایک روپے 30 پیسے کا فائدہ ہو سکتا ہے
وزیر مملکت نے کہا کہ ایران پاکستان گیس لائن منصوبے پر پاکستان پر جرمانے کی خبریں درست نہیں۔ ایران پاکستان منصوبے کا حل چاہتے ہیں، منصوبے پر ایرانی سفیر سے بات چیت کر رہے ہیں۔
روسی تیل کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روسی تیل سے ابھی عوام کو فائدہ نہیں پہنچا لیکن آنے والے دنوں میں پہنچے گا۔