پاکستان کی مجموعی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار 431 تک پہنچ گئی، دیہی آبادی 14 کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ شہروں کی آبادی 9 کروڑ 37 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی۔
نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج سے متعلق جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اعدادوشمار سامنے آگئے۔ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج کے گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد تک چلی گئی۔
سرکاری اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ شہری آبادی میں 3.65 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد شہری آبادی 9 کروڑ 37 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ اسی طرح دیہی آبادی میں سالانہ 1.90 فیصد اضافے کے ساتھ آبادی 14 کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ ہوگئی۔
پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین ہو گئی
مردم شماری کے نتائج کے مطابق پنجاب کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کے نصف تک پہنچ گئی۔ ۔پنجاب کی آبادی 2.63 فیصد اضافے کے ساتھ 12 کروڑ 76 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ۔سندھ کی آبادی 2.57 فیصد اضافے کے ساتھ 5 کروڑ 56 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کی آبادی میں سالانہ 2.38 فیصد ہورہا ہے اور صوبے کی آبادی 4 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ بلوچستان کی آبادی 3.20 فیصد اضافے کے ساتھ 1 کروڑ 48 لاکھ اور اسلام آباد کی آبادی 2.80 فیصد اضافہ کے ساتھ 23 لاکھ 63 ہزار 863 ہوگئی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ڈویژن کی آبادی 2 کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کراچی ڈویژن کی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ 82 ہزار 881 ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کی آبادی 1 کروڑ 14 لاکھ، پشاور ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ اور کوئٹہ ڈویژن کی آبادی 42 لاکھ ہے۔