گزشتہ 9 ماہ میں چینی کی قیمت میں 59 فیصد اضافہ دیکھا گیا

فائل فوٹو


گزشتہ 9 ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں 59 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو فی کلو کے حساب سے 52 روپے بنتا ہے، چینی کی موجودہ قیمت اضافے کے بعد 140 روپے فی کلو ہے۔

ٹاپ لائن نامی ریسرچ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تک افراطِ  زر 38 فیصد تھی جو گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران سب سے زیادہ شرح رہی۔

ٹاپ لائن ریسرچ کے مطابق کافی عرصے کے دوران چینی کی صنعت نے بہترین منافعوں کو ظاہر کیا ہے۔ چینی کی مجموعی فروخت کا اگر جائزہ لیا جائے تو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران 13 فیصد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 16 ہزار ٹن چینی برآمد کی گئی۔

چینی کی قیمت میں پھر ہوشربااضافہ

ٹاپ لائن ریسرچ میں بتایا گیا کہ چینی برآمد کی اجازت دینے سے مقامی قیمتوں پر اثر پڑا اور اکتوبر میں 88 روپے فی کلو رہنے والی چینی کی قیمت جون کے اختتام تک 123 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

چینی کی قیمتوں میں اس قدر اضافے کی وجہ سے چینی کی صنعت نے گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 235 ارب روپے مالیت کی چینی فروخت کی۔ اس میں 14 ارب روپے خالص منافع ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف ادارہ برائے شماریات کے مطابق مالی سال 2023 کے دوران تاجروں نے 6105 ٹن چینی درآمد کی جس پر 56 لاکھ ڈالر زرِ مبادلہ خرچ ہوا۔


متعلقہ خبریں