دیہی علاقوں میں متاثرہ پاؤں والے شوگر کے مریضوں کے لئے خوشخبری


دیہی علاقوں میں متاثرہ پاؤں والے شوگر کے مریضوں کے لئے خوشخبری، علاج کے پروگرام کو پنجاب کے 20 اضلاع کے171 دیہی مراکز صحت تک توسیع دے دی گئی ہے۔

وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے علاج کے پروگرام کا افتتاح کر دیا،پروگرام پر عمل درآمد سے شوگر کے مریضوں کے پاؤں خراب ہونے یا خرابی کی صورت میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے گا۔

پروگرام کے تحت دیہی مراکز صحت پر مریضوں کے ابتدائی علاج کے بعد ضرورت پڑنے پر متاثرہ پاؤں والے شوگر کے مریضوں کے علاج کے لئے 20 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں خصوصی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

یہ سہولتیں این سی ڈی پروگرام، پرائمری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ اور ایسوسی ایشن فار سوشل ڈویلپمنٹ کے تعاون سے ان دیہی مراکز صحت میں مہیا کی جائیں گی۔

بھنڈی سے شوگر کنٹرول کرنے کا آسان نسخہ

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا کہ شوگر کے مریض پاؤں کی دیکھ بھال بھی اسی طرح کریں جیسے چہرے کی کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شوگر کے مریضوں کو پیروں کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لئے رہنمائی اور ضروری طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

شوگر سے متاثرہ پیروں والے مریضوں کے لئے موزوں جوتوں کے سنٹر تک رسائی کا بھی انتظام کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی اختیار کر کے شوگر اور بلڈ پریشر کے امراض سے بچا جا سکتا ہے،شوگر کے مریض واک اور ایکسرسائز کر کے صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت راولپنڈی، اٹک،جہلم، گوجرانولہ،نارووال، سرگودھا، ملتان،بہاولنگر، بہاولپور،چنیوٹ، منڈی بہاوالدین، خوشاب،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب،جھنگ، خانیوال،مظفر گڑھ، لیہ اور اوکاڑہ میں یہ علاج مہیا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں