بلاول بھٹو لیاری سے انتخاب لڑیں گے، کاغذات نامزدگی جمع


کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے حلقہ این اے 247  سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری، نبیل گبول، راشد ربانی اور دیگر رہنما ان کے ہمراہ تھے ، جیالوں کی بڑی تعداد بھی ان کے استقبال کے لئے سٹی کورٹ پہنچ گئی جو وزیراعظم بلاول بھٹو کے نعرے لگاتے رہے۔

سٹی کورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج سے میں پارلیمانی سیاست کا آغاز کر رہا ہوں، الیکشن لڑنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے بھی لیاری سے الیکشن لڑا۔

انہوں نے کہا کہ اب ایوان میں بھٹو ہو گا اورعوام  ہوں گے، کراچی کے لیے اب بہت کام کرنے کا موقع ملے گا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی الیکشن میں تیرکے نشان سے حصہ لے گی، پارٹی امیدواروں کے نام فائنل کر لئے گئے ہیں اور دو روز میں ان کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے تلوار کا انتخابی نشان حاصل کر رکھا ہے اور اس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین آصف علی زرداری ہیں اور اس کے پاس تیر کا انتخابی نشان ہے تا ہم دونوں جماعتیں متحد ہو کر انتخابات میں حصہ لیں گی۔


متعلقہ خبریں