پشاور، عید کے روز بھی کئی علاقوں میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ


پشاور شہر اور نواحی علاقوں میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ، شہریوں کا چارسدہ روڈ پر بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

عید الاضحیٰ کے دنوں میں بھی پشاور میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا، مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے چارسدہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین کی طرف سے پیسکو اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ پر حکومت کا لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کھوکھلا ثابت ہوا ہے۔ مظاہرین کے مطابق نواحی علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

مہنگی بجلی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، پیٹرولیم کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا، وزیر خزانہ

دوسری طرف سندھ میں بھی عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے لاڑکانہ، دادو، شہداد کوٹ اور قمبر کے متعدد علاقوں میں بجلی بندش کا نوٹس لے لیا۔

آصف زرداری نے ہدایت کی کہ فوری طور پر سیکریٹری پاور ڈویژن سے رابطہ قائم کیا جائے اور لاڑکانہ سمیت تمام متاثرہ اضلاع کی بجلی فوری بحال کی جائے۔

اس حوالے سے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی جانب سے سیکریٹری پاور ڈویژن سے بھی رابطہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر توانائی سندھ متاثرہ جگہ پہنچ کر خود کام کی نگرانی کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بجلی کے 20 نادہندگان کی فہرست جاری

وزیر توانائی سندھ نے بتایا کہ ٹرانسمیشن لائن کے پول گرنے کی وجہ سے ترسیلی نظام میں خرابی ہوگئی ہے۔ کام جاری ہے، شام تک تمام اضلاع میں بجلی بحال کردی جائے گی۔


متعلقہ خبریں