ملک بھر میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان، آج رات سے بارشوں کی بھی پیشگوئی

rain report

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں درجہ حرارت آج معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

آج بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد،بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے وقت گرمی کی شدت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ سندھ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کیا ہے کہ جس کے مطابق ملک میں آج سے بارشیں برسانے والا سسٹم داخل ہوگا جس کے تحت آج رات سے 30 جون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر موسم خوشگوار رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات پاکستان نے 25 سے 30 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں اور اس کے علاوہ 25 جون سے ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں 25 سے 30 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں

محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر 24 جون کی رات سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ان علاقوں کے علاوہ میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس سسٹم کے زیر اثر 26 جون کی رات سے 29 جون کے دوران بارکھان، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، خضدار، ڑوب، زیارت، موسیٰ خیل، ڈی آئی خان، کرک، وزیرستان، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولنگر، پاکپتن، اوکاڑہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز، موسلادھار بارش کی توقع ہے، اس موسمیاتی نظام کے زیر اثر سکھر اور جیکب آباد میں 27 اور 28 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں