واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان سے دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان واشنگٹن میں ملاقات ہوئی جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہر طرح کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں جبکہ امریکہ اور بھارت عالمی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
ملاقات میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشتگرد گروہوں بشمول، القاعدہ، داعش، لشکر طیبہ، جیش محمد اور حزب المجاہدین کے خلاف اجتماعی طور پر کارروائی کی جائے۔ دونوں رہنماؤں نے سرحد پار دہشتگردی کی بھی مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مشہور پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اپنے صاحبزادے سمیت جاں بحق
اعلامیہ میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ یقینی بنائے کہ اس کے زیر اثر کوئی علاقہ دہشتگردانہ حملوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ دونوں رہنماؤں نے ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔
امریکہ نے بھارت کو لڑاکا طیاروں کے انجن بنانے کی ٹیکنالوجی دینے، سیمی کنڈکٹر پلانٹ میں 8 سو ملین ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری اور خلائی منصوبوں میں تعاون سے متعلق سمجھوتے کیے جبکہ بھارت امریکہ سے ایم کیو نائن بی سی گارڈیئنز اور ہدف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنانے والے مسلح ڈرونز بھی لے گا۔