2 اداکاراؤں پر فرد جرم عائد


تہران: ایران میں حجاب نہ پہننے پر مزید 2 اداکاراؤں پر فرد جرم عائد کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران میں ضابطہ لباس کی خلاف ورزی پر 37 سالہ باران کوثری اور 44 سالہ شقایق دہقان کے خلاف الگ الگ مقدمات دائر کیے گئے تھے کہ وہ حالیہ دنوں میں بغیر حجاب عوامی مقامات پر نظر آئی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں دونوں اداکاراؤں کو جرمانہ یا قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ خواتین کے عوامی مقامات پر حجاب پہننے کی شرط 1979 کے خمینی انقلاب کے فوراً بعد عائد کی گئی تھی۔

اس سے قبل اداکارہ کتایون ریاحی، پانتہ آبہرام، افشانیہ بیگن اور فاطمہ معتمدآریا کے خلاف حجاب اتارنے پر قانونی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان میں سے بعض اداکاراؤں نے ایرانی سنیما میں اپنے کام کی بدولت متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے گرد گھیرا تنگ

واضح رہے کہ ایران میں ضابطہ لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی تعداد میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ سال ستمبر میں 22 سالہ کرد نژاد ایرانی مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد سے ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

تہران پولیس نے مہسا امینی کو مبینہ طور پر حجاب نہ اوڑھنے کی پاداش میں گرفتار کیا تھا اور 3 روز بعد پولیس کے زیرحراست ہی ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔


متعلقہ خبریں