تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 35.4 فیصد تک جاپہنچی ہے جس سے ملک میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مہنگائی 27.26 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسری طرف گزشتہ سال مارچ میں یہ شرح 12.7 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ شہروں میں مہنگائی کی مجموعی شرح 33 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں یہ شرح 38.9 فیصد تک جاپہنچی ہے۔
رمضان المبارک میں زیادہ مقدار میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردونوش کی بات کی جائے تو شہروں میں ایک ماہ میں چائے کی قیمت میں 28.44 فیصد جبکہ پھلوں کی قیمت میں 20.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹماٹر 13.17 فیصد مہنگے، چینی 12.49 فیصد مہنگی، آلو 11.26 فیصد اور گندم کی قیمت میں 8.29 فیصد اضافہ ہوا۔
رمضان کی آمد، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ
خیال رہے کہ اب پاکستان زیادہ مہنگائی والے ممالک کی فہرست میں پندرہویں نمبر پر آگیا ہے۔ دسمبر 1973 میں مہنگائی کی شرح موجودہ شرح کے آس پاس تھی۔