فیفا ورلڈ کپ 2018 کی تیاریاں عروج پر


ماسکو: فٹ بال کے دیوانوں کو فیفا ورلڈ کپ 2018 کا بےصبری سے انتظار ہے جس کا اندازہ برازیل سمیت کئی ممالک میں جاری تیاریوں سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

ایک جانب برازیل جوش و جذبے سے ابل رہا ہے تو دوسری جانب روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی مہمانوں کے قیام کے لیے ایک خاص ہوٹل کا افتتاح کیا گیا ہے۔

اپنی ٹیم اور پسندیدہ کھلاڑی کوسراہنے کے لیے برازیل میں مداحوں نے اپنے گھروں اورعلاقوں کو کھلاڑیوں کی تصاویر سے سجا دیا ہے، جس طرف نظر دوڑائی جائے فٹ بال کے کسی کھلاڑی کا پوسٹریا پورٹریٹ دکھائی دیتا ہے، برازیل کی سڑکیں اوردیواریں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے بڑے بڑے پورٹریٹ سے سج گئی ہیں جبکہ ان کے ساتھ تصاویربنانے کے لیے مداحوں کا بہت رش دیکھا جاسکتا ہے۔

برازیل کے شہرساؤ پاؤلو میں 18 سالہ ‘گیبرئیل جیسس’ کا ایک سو بارہ فٹ لمبا پورٹریٹ تیار کیا گیا ہے جسے برازیل کے جھنڈے کے رنگ یعنی ہرے، زرد اور نیلے رنگوں سے بھرا گیا ہے، مقامی بچوں کا کہنا ہے کہ گیبرئیل جیسس ہم میں سے ہے اوراس نے فٹ بال کا حصہ بن کے ہمیں بھی امید دی ہے۔

دوسری جانب روس میں ریبٹ نامی ہوٹل 16ویں منزل پربنایا گیا ہے جہاں آنے والے مہمان اتنی اونچائی سے شہر بھرکی تمام جگہوں کو دیکھ سکیں گے، بات یہیں ختم نہیں ہوجاتی بلکہ اس خصوصی ہوٹل میں ورلڈ کپ کے لیے مختلف انٹرنیشنل شیف خاص قسم کے کھانے بھی تیارکریں گے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے دنوں میں خاص آفرز مہیا کی جائیں گی۔

دوسری جانب اسٹیڈیمزکی تیاریاں بھی آخری مراحل میں ہیں، میٹرواسٹیشن سمیت اسٹیڈیم آنے والے تمام راستوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ کے جنون نے خلائی اسٹیشنز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اوربین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں خلا بازوں نے فٹ بال کھیل کرورلڈ کپ کی آمد کا خوب جشن منایا۔


متعلقہ خبریں