صدر نے آرمی چیف کی سمری پر گڑ بڑ کی تو نتیجہ بھگتنا پڑے گا، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صدر کے پاس آخری چانس ہے اگر انہوں نے اس بار کسی غیر آئینی طریقہ کار کو اپنانے کی کوشش کی تو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ سے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کا پاکستان کے آئین کے ساتھ وفاداری کا امتحان لیا گیا تھا،انہوں نے عمران خان کو بچانے کیلئے غیر آئینی کردار ادا کیا،ان کے پاس اب آخری چانس ہے اگر انہوں نے اس بار کسی غیر آئینی طریقہ کار کو اپنانے کی کوشش کی تو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر سیاست کرنے سے جمہوریت کو نقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کا کوئی جمہوری مقصد نہیں ،انہوں نے ہمیشہ سے غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر سیاست کی ہے، عمران خان جیسے سیاست دان کا مستقبل اداروں کو متنازعہ کرنے سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے آرمی چیف کو تاحیات ایکسٹینشن دینے کیلئے تیار تھا، آرمی چیف کی طرف سے تاحیات توسیع کی پیشکش کو مسترد کر دیا گیا۔جنرل باجوہ نے ملک اور ادارے کو سامنے رکھ کر یہ فیصلہ لیا۔ان کا یہ اقدام خوش آئندہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے عمران خان کو اقتدار سے نکالنے کیلئے آئینی طریقہ اپنایا، عمران خان نے ہر غیرآئینی طریقے سے عدم اعتماد کو ناکام کرنے کی کوشش کی،یہ چاہتے تھے نئے انتخابات ہو جائیں یا پھر کسی طریقے سے مارشل لاء لگ جائے۔


متعلقہ خبریں