کراچی :سال کا گرم ترین دن بھی آج ریکارڈ ہوسکتا ہے

کراچی میں دوبارہ ہیٹ ویو الرٹ جاری

فوٹو: فائل


کراچی:سندھ کے دارالحکومت کراچی میں صبح گیارہ بجے درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق شہریوں کو گرمی 45 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہورہی ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر قائد میں سال کا گرم ترین دن بھی ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ شہر کے درجہ حرارت کے متعلق ماہرین کا خیال ہے کہ وہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرسکتا ہے۔

اہلیان کراچی کے لیے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو(لو) الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کو مزید گرمی برداشت کرنا ہوگی۔  پیشن گوئی کے مطابق شہر قائد میں تین دن تک جاری رہنے والی ہیٹ ویو کا آج دوسرا دن ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق جمعہ سے گرمی کی شدت میں کمی آنا شروع ہوگی۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب برتیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، سرپر گیلا تولیہ ڈالیں،سایہ دار جگہ پہ رہنے کو ترجیح دیں اور چھتری کا استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات نے بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کے اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ سخت گرمی میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

پنجاب کا دارالحکومت لاہوربھی مسلسل گرمی کی لپیٹ میں رہنے کی ’اطلاع‘ دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ روزشہرکا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اورزیادہ سے زیادہ  45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

لاہور کا درجہ حرارت اس وقت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا موسم شدید گرم اورخشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں