پاکستان فائنل میں، اب بھارت آئے یا انگلینڈ، ہم تیار ہیں


ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے عمدہ کھیل پیش کیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 153 رنز کا ہدف دیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل سڈنی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے شکست دی۔ بھارت آئے یا انگلینڈ پاکستان فائنل جیتنے کے لیے پر امید ہے۔

پاکستان نے 1992 کے ورلڈکپ میں بھی نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں شکست دی تھی اور پھر اس کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ فائنل میں ہوا تھا۔ اس بار بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل میں ہرا دیا اب دیکھتے ہیں کہ فائنل انگلینڈ کے ساتھ ہوتا ہے کہ بھارت کے ساتھ۔

پاکستان تیسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ اس سے قبل پاکستان 2007 کے فائنل میں رنر اپ اور 2009 میں عالمی چیمپئن بنا تھا۔ پاکستان سب سے زیادہ 6 ورلڈ ٹی 20 سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیم ہے۔

نیوزی لینڈ کے دیئے گئے 153 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے بیٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ اوپنر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا اور دونوں کی پارٹنر شپ میں پاکستان نے 105 رنز مکمل کیے۔  محمد رضوان نے کھیل کا اچھا آغاز کرتے ہوئے پہلی گیند پر ہی چوکا لگا دیا۔

محمد رضوان کو عمدہ بیٹنگ کرنے کی وجہ سے مین آف دی میچ دیا گیا۔

پاکستان نے 20 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف حاصل کر لیا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اپنی پہلی گیند پر آوٹ ہونے سے بال بال بچ گئے، ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بابر اعظم کا کیچ ڈراپ ہو گیا۔

محمد رضوان اور بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی 105 رنز مکمل کیے۔ بابر اعظم اپنی ففٹی مکمل کرنے کے بعد 42 گیندوں پر 53 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی 36 گیندوں پر ففٹی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حارث میدان میں اترے۔ محمد رضوان 43 گیندوں پر 57 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کے 151 رنز پر 3 تیسرا کھلاڑی بھی آؤٹ ہو گیا۔ محمد حارث 26 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود اور محمد حارث ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود نے 4 گیندوں پر 3 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر نے ایک وکٹ لی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا۔ پہلے اوور میں ہی نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گر گئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے فن ایلن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کا دوسرا کھلاڑی 38 کے مجموعی رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ اوپنر ڈیون کانوے 20 گیندوں پر 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کا تیسرا کھلاڑی 49 کے مجموعی رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ گلین فلپس 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

117 کے مجموعی رنز پر نیوزی لینڈ کا چوتھا کھلاڑی بھی آؤٹ گیا۔ کین ولیمسن 42 گیندوں پر 46 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرل مچل نصف سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جمی نیشم 12 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں:اوپننگ جوڑی توڑنے کے حق میں نہیں، میتھیو ہیڈن

نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ چھٹے اوور میں پاکستان نے  50 رنز بنا لیے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کیوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ کرتے جبکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور ٹیم پراعتماد ہے جبکہ مومنٹم برقرار رکھیں گے۔ گزشتہ 3 میچوں میں ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں اور میچ پر فوکس کر کے جیتنے کی کوشش کریں گے۔

سیمی فائنل میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم نے کی اور ٹیم میں شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر اور محمد حارث شامل تھے۔

 


متعلقہ خبریں