مستحکم اور مضبوط افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، ایاز صادق


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پرُامن، مستحکم  اور مضبوط افغانستان، پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔

یہ بات انہوں نے جرمنی کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اورپاکستان مارکس پوزیز سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر مارکس پوزیز کے ہمراہ ان کے جرمن سفیر مارٹن کوبرر بھی موجود  تھے۔

اطلاعات کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مستحکم تعلقات اورخطے کے امن اورخوشحالی کے لیے مل کرکام کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ اس وقت دونوں ممالک دہشت گردی کا شکارہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اورجرمنی کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ملکوں میں گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اورانہیں طویل المدتی پارلیمانی اوراقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششں  کررہا  ہے، دسمبر 2017 میں اسلام آباد میں منعقد پہلی چھ ملکی اسپیکرز کانفرنس میں روس، ترکی، ایران، چین اور افغانستان نے شرکت کی تھی جو خطے کے استحکام کے لیے ایک موثر قدم رہا  کیونکہ کانفرنس میں دہشت گردی سے نمٹنے، خوشحالی اور ترقی کے لیے قریبی تعاون  پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں