لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، رانا ثنااللہ


وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، 25 مئی کی پالیسی کو 10سے ضرب دے کر کام کریں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتھوں کی موجودگی سے حکومت تبدیل ہوسکتی تو پھر کل کو کوئی دوسرا جتھہ آئے گا، کسی صورت بھی جتھہ کلچر بد تمیزی اور فتنہ فساد کے کلچر کو ہر حال میں ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشروط مذاکرات کیلئے تیار نہیں، غیر مشروط مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے متعلق کوئی بھی یہ اتھارٹی نہیں رکھتا کہ وہ فیصلہ کرےکہ وہ کب آئیں گے، پارٹی نے درخواست کی ہے کہ اگلے الیکشن کی کمپین وہ شامل ہوں، انہوں نے اسے قبول کیا ہے، آنے کا فیصلہ وہ کریں گے۔

لگتا ہے کہ رانا ثنااللہ مارچ کنٹرول کرنے کے لیے اسلام آباد میں نہیں ہوں گے، فواد چودھری

رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگلےعام انتخابی مہم میں نواز شریف پارٹی کو لیڈ کریں گے۔

ضمنی الیکشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں،پولیس ،رینجرز سمیت تمام ادارے احسن طریقے سے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں،میرا گھر ہی اس حلقے میں ہے اس لیے یہاں آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی جگہ پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے،رینجرز فوج پولیس سب کو دستیاب کیا ہے،اہلکاروں سے کام لینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تو تقریباً الیکشن مکمل ہونے کے قریب ہے، پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں لوگ پہنچ جائیں تو ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں