کسی مشہور شخص، یادگار، جگہ یا خیالی کردار کے نام پر تو کئی بچوں کے نام رکھے گئے ہوں گے، لیکن کیا آپ نے سنا ہے کہ کسی بچے کا نام ان کے والدین کے پسندیدہ کھانے کے نام پر رکھا ہوا ؟ پکوڑوں کے شوقین والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ہی ”پکوڑا” رکھ دیا۔
برطانیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں پکوڑے کی ڈش اتنی مشہور ہوئی کہ اسے کھانے دور دور سے لوگ آنے لگے، ایک کسٹمر کو پکوڑے اس قدر پسند آگئے کہ انہوں نے اپنے بچے کا نام ہی پکوڑا رکھ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس چیز کا اعتراف خود بچے کے والد نے ریسٹورنٹ آ کر کیا، انہوں نے ہوٹل کے مالک کو بتایا کہ اس کی اہلیہ کو ان کے پکوڑے اتنے پسند آئے کہ جب ان کا بیٹا اس دنیا میں آیا تو انہوں نے اس کے نام کا انتخاب ان کی ڈش کے نام پر کیا۔
ریسٹورنٹ کے مالک نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے 24 اگست کو پیدا ہونے والے بچے کی تصویر شئیر کی، اور ساتھ ہی وہ ریسد بھی شئیر کی جس میں اس کے والدین نے ان کے ہوٹل سے پکوڑے آرڈر کیے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ پکوڑے سے ملنے کیلئے بیتاب ہیں، جبکہ کئی صارفین نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ کہ بارش کے سیزن میں ”پکوڑا” کبھی باہر نہیں نکلے گا ورنہ لوگ اسے کھا جائیں گے۔
واضح رہے پکوڑا بیسن میں بننے والی ایک مشہور ڈش ہے، جسے رمضان اور بارشوں میں لوگ کھانا پسند کرتے ہیں۔