لارڈز ٹیسٹ کا تیسرا روز، انگلینڈ کو پاکستان پر 56 رنز کی برتری


لندن: لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن میچ کے اختتام پر انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز اسکور کر کے پاکستانی ٹیم پر 56 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جوس بٹلر 66 اور ڈومینک بیس 55 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے 125 رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کو اننگزکی شکست سے بچا لیا۔

لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی دوسری اننگز پر بھی پاکستانی باؤلرز کا خوف چھایا رہا اور میزبان ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر پچ پر نہیں ٹھہر پا رہے تھے۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کے 110 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم جوس بٹلر اور ڈومینک کی 125 رنز کی پارٹر شپ نے ٹیم کو سہارا دیا۔

پاکستانی بالرز محمد عامر، محمد عباس اور شاداب خان نے دوسری اننگز میں دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی ٹیم 350 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر گراؤنڈ میں موجود تھی تاہم صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد ٹیم 363 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی ٹیم کو میزبان ٹیم پر 179 رنز کی برتری حاصل تھی۔

انگلینڈ  کے ابتدائی کھلاڑی پاکستانی بالرز کا مقابلہ نہ کرسکے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ الیسٹر کک اور اسٹونمین نے اپنی ٹیم کی اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد عباس نے الیسٹر کک کو ایل بی ڈبلیو کردیا، وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ انگلینڈ کے 31 رنز پر شاداب خان نے اسٹونمین کو کلین بولڈ کردیا جو صرف نو رنز بنا پائے۔

اس کے بعد گراؤنڈ میں اترنے والے کھلاڑی مالان 12 رنز بنا کر ہی واپس لوٹ گئے جبکہ جونی بیئراسٹو بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

میزبان ٹیم کے کھلاڑی بین اسٹوکس بھی پچ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور نو رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ جوروٹ 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کرمحمد عباس کا شکار بنے۔


متعلقہ خبریں