وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیوٹرل کہنے والے آج ادارے کو سیاست میں مداخلت کا کہہ رہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خود عمران خان نے نقصان پہنچایا، افواج پاکستان سے لڑائی آپ نے خود لڑی، نواز شریف نے کہا تھا ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل نےعمران خان کا دیا اسکرپٹ پڑھا، عمران خان کے اکسانے پر فوج کیخلاف مہم چلائی گئی، تحقیقات شروع ہوئیں یہ خوف میں مبتلا ہو گئے،عمران خان نے نفرت کے جو بیج بوئے وہی کاٹ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف 3 بار وزیراعظم رہے اور تینوں بار نکالے گئے،ان کے پاس رازتھےلیکن ملک کی خاطرخاموش رہے،انہوں نے کہا تھا ادارے آئینی حدود میں رہیں، نوازشریف کا موقف آج بھی وہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی فارن ایڈڈ ڈیکلیئر ہو چکی ہے، آج تحریک انصاف کا کارکن عمران خان سے سوال پوچھ رہا ہے، کیا آپ قانون سے بالاتر ہیں،کس جمہوریت میں ہوتا ہے کہ سیاسی مخالفین کی گاڑیوں سے 15کلو ہیئروئن برآ مد کرو؟
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ نے اپنے گھر کی خواتین سے کرپشن کرائی، توشہ خانہ کے تحفے لیکر بیچ دیئے اور ڈکلیئر نہیں کیے، ایک سال بعد توشہ خانہ کے تحفے ڈیکلیئر کیے اور پوری پالیسی تبدیل کرائی، آپ کی بیگم نے پوسٹنگ اور زمینوں کے عوض انگوٹھیاں لیں،آپ گھنٹہ گھنٹہ جھوٹ بولتے ہیں۔