لارڈز ٹیسٹ، اظہر، بابر، شاداب اور اسد کی نصف سنچریاں


لندن:  لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے، کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز بنائے جس سے اسے انگلینڈ پر 166 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے  اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو حارث سہیل 21 رنز اور اظہر علی 18 رنز کے ساتھ  وکٹ پر موجود  تھے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ حارث سہیل کی گری جو 39 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، گرین کیپس کو تیسرا نقصان 199 رنز پر ہوا جب اظہر علی 50 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، کھانے کے وقفے تک پاکستان کے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز تھے۔

کھانے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو چوتھے کھلاڑی اسد شفیق 59 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد زیادہ دیر پچ  پر نہ  ٹھر سکے اور صرف  نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد شاداب خان  نے 52 رنز اور فہیم اشرف  نے  37 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی، اس وقت محمد عامر 19 اور محمد عباس صفر اسکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم 184 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے ایلسٹر کک 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ جونی بیرسٹو، بین اسٹوک اور جوس بٹلر بالترتیب 27، 38  اور 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 6  بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل  نہ ہو سکے تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4،4 جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں