الیکشن کمیشن نے عمران خان کا اصلی چہرہ دکھا دیا، خواجہ آصف


اسلام آباد:وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان موجودہ ملکی حالات کے ذمہ دار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کا اصلی چہرہ دکھا دیا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح الیکشن کمیشن نے 8 سال کے بعد ایک فیصلہ سنایا ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اتنے زیادہ اختلافی مسئلے کے اوپر فیصلے کی مثال نہیں ملتی۔ نواز شریف کے اوپر ایک مقدمہ بنا جس میں بیٹے سے 10 ہزار تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک شخص کے خلاف فیصلہ آیا ہے جس کو سپریم کورٹ نے صادق و امین قرار دیا لیکن آج الیکش کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ شخص فارن فنڈڈ ایجنٹ ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وہ شخص ہمارے ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار ہے، عمران خان کا پروفائل بنانے کے لیے یہودی لابی نے اس کو لانچ کرنے کا پلان بنایا اور یہودی سمجھتے تھے کہ ایٹمی پروگرام والا ملک ایسے کنٹرول نہیں ہو گا، کرکٹ کے بعد باقاعدہ اس کی لانچنگ کی گئی اور اس سے بڑا خیراتی اسپتال بنوایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الزام ہم پر امریکہ کا لگاتا ہے لیکن مال یہ اسرائیل امریکہ سے پکڑتا ہے اور اس نے اپنی جیبیں خالی نہیں رکھیں بلکہ اس نے دوسروں کی جیبیں خالی کی ہیں، جس نے اپنے بچوں کو خرچ دینے کی بجائے برطانیہ پر چھوڑ دیا ہے۔ آج الیکشن کمیشن نے ہمیں اس کا اصلی چہرہ دکھا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فنڈنگ کا راستہ روک کر ہماری سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں، اسد عمر

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر عمران خان سچا ہے تو فنانشنل ٹائمز کے خلاف کیس کرے، میں نے ایک کیس اس پر کیا ہوا ہے 10 سال ہو گئے اور ہمارا ملک ساڑھے 3 سال اس نوسر باز کے ہاتھ چڑھا ہوا تھا، استعفے قبول کرنے کے لیے دیئے جاتے ہیں فریم میں لگانے کے لیے نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آج بھی سرکاری گاڑیاں اور پارلیمنٹ لاجز استعمال کر رہے ہیں، میں نے ماضی میں کہا تھا کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے تو وہ درست ثابت ہوا۔ انہوں نے ثابت کیا کہ یہ بے شرم ہیں، یہاں مقصود چپڑاسی کے نعرے لگاتے تھے خود مقصود چپڑاسیوں کی فوج نکلے۔


متعلقہ خبریں