کامن ویلتھ گیمز میں بھارت سے مقابلے سے قبل قومی ویمن ٹیم کو بڑادھچکا لگا۔
کامن ویلتھ گیمز میں آج ہونے والے پاک بھارت ویمن کرکٹ مقابلے سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے بری خبر آگئی۔بھارت کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بارہ رکنی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کر دی گئی۔
اطلاعات کے مطابق کن کشن کا شکار ہونے کے باعث ندا ڈار میچ میں شرکت نہیں کریں گی۔ان کی جگہ ایمن انور کو 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ندا ڈار بارباڈوس کے خلاف میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث کن کشن کا شکار ہوئی ہیں۔ندا ڈار کی طبعیت بہتر ہے تاہم مزید پانچ روز ان کی طبعیت کا جائزہ لیا جائے گا
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے 12 رکنی اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف، منیبہ صدیقی، ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔عائشہ نسیم، فاطمہ ثناء، طوبہ حسن، ڈیانا بیگ، انعم امین، کائنات امتیاز اور ایمن انور بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔