مریم نواز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں


لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مریم نواز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ مریم نواز کے ٹوئٹر میسج کے بعد ن لیگ کے کارکنان ان کی صحتیابی کے لیے دُعائیں کر رہے ہیں۔

دوسری جانب مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سن کر افسردہ ہوں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا گو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جس بہادری سے انتخابی مہم چلائی اس پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز لاہور سمیت مختلف حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہی تھیں اور کل انتخابی مہم کے آخری روز بھی انہوں نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

ملک بھر میں کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 10 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 3.28 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 737 کیسز رپورٹ ہوئے اور کورونا سے متاثرہ 189 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔


متعلقہ خبریں