عمران خان ووٹ چور ہیں، ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ووٹ چور ہیں اور وہ ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان وزیر اعظم ہو کر الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑاتے رہے جبکہ عمران خان اور ان کے وزرا نے بھی کھلم کھلا الیکشن کمیشن قوانین کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں بھی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں اور آج بھی روز حملے کر رہے ہیں لیکن مسلم لیگ ن قانون، انتخابی ضابطوں اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے آگے سر جھکاتی ہے اور ن لیگ کے وزرا نے الیکشن کمیشن کے قواعد کی پاسداری کرتے ہوئے استعفے دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے کال دی تو ملک نئے بحران میں داخل ہوجائے گا، شیخ رشید

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان لاڈلا بننے کی کوشش میں قانون اور ضابطے کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں اور خود کو قانون سمجھتے ہیں، وہ اپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے۔ عمران خان الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو درخواستیں بھی دے رہے ہیں لیکن الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے۔ عمران خان ووٹ چور ہیں اس لیے وہ ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران خان کا ماتم شروع ہو گیا ہے اور الیکشن کمیشن اصل میں فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے عمران خان کا نشانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دور اقتدار کے دوران ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلاتے رہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے روکے جانے پر دورہ منسوخ کر دیا۔ عمران خان نے الیکشن قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلائی تھی۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر انتخابات میں بھی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مہم چلائی تھی۔


متعلقہ خبریں